NPG Media

شاداب خان نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر، ظفر گوہر سکواڈ کا حصہ بن گئے

تورنگا: پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ ان کی جگہ ظفر گوہر کو ٹیم کا حصہ بنالیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شاداب خان نے نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹونٹی میچ کے بعد اپنی بائیں ٹانگ میں تکلیف کی شکایت کی ۔ میچ میں پاکستان نے 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

شاداب خان کا ایم آر آئی سکین کل تورنگا میں کروایا جائے گا، جس کی رپورٹ کے بعد ہی ان کی انجری کی اصل نوعیت سامنے آئے گی کہ انہیں کرکٹ میں واپسی کے لیے کتنا وقت درکار ہے۔

شاداب خان چھبیس سے تیس دسمبر تک ماؤنٹ منگنوئی میں شیڈول نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے دستیاب نہیں ہیں، لہٰذا ٹیم منیجمنٹ نے ظفر گوہر کو بطور متبادل سپنر پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے قومی ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔ ظفر گوہر نے ہملٹن سے بذریعہ بس قومی ٹیسٹ سکواڈ کو تورنگامیں جوائن کرلیا ہے۔

 

یاد رہے کہ ظفر گوہر ابتدائی طور پر پاکستان شاہینز کے سکواڈ کا حصہ تھے اور انہوں نے گزشتہ سال کھیلی گئی قائداعظم ٹرافی میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

سنٹرل پنجاب کی نمائندگی کرنے والے سپنر نے ٹورنامنٹ میں 38 وکٹیں حاصل کی تھیں، وہ ایونٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے باؤلرز کی فہرست میں تیسرے نمبر پر تھے۔

رواں سال نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں ظفر گوہر نے مجموعی طور پر 8 وکٹیں حاصل کی تھیں تاہم وہ قائداعظم ٹرافی میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔پچیس سالہ سپنر اب تک 39 فرسٹ کلاس میچوں میں 144 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، وہ 6 مرتبہ ایک اننگز میں 5 جبکہ 2 مرتبہ میچ میں 10 وکٹیں اپنے نام کرچکے ہیں۔

پاکستان کا نیا ٹیسٹ سکواڈ جن کھلاڑیوں پر مشتمل ہے ان میں محمد رضوان پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے کپتان ہونگے جبکہ سرفراز احمد، ظفر گوہر، عابد علی، اظہرعلی، شان مسعود، فواد عالم، سہیل خان، یاسر شاہ، محمد عباس، عمران بٹ، حارث سہیل، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف شامل ہیں، بابراعظم، امام الحق اور شاداب خان انجری کے باعث پہلا ٹیسٹ میچ نہیں کھیلیں گے۔

پاکستان شاہینز کا نیا سکواڈ جن کھلاڑیوں پر مشتمل ہے ان میں روحیل نذیر کپتان اور وکٹ کیپر کے فرائض انجام دینگے جبکہ دیگر میں حیدر علی،ذیشان ملک، عماد بٹ، دانش عزیز، افتخار احمد، خوشدل شاہ،حسین طلعت، محمد حسنین، حارث رؤف، عثمان قادر،وہاب ریاض، موسیٰ خان اور عبداللہ شفیق شامل ہیں۔

شیڈول کے مطابق 26 تا 30دسمبرپاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا ٹیسٹ میچ ماؤنٹ منگنوئی کے مقام پر کھیلا جائے گاجبکہ 27دسمبر کو پاکستان شاہینز کا پہلا ٹی ٹونٹی میچ ناردرن نائٹس کے خلاف کھیلا جائے گا جوکہ ہملٹن میں کھیلا جائے گا۔

29دسمبر کو پاکستان شاہینز کا دوسرا ٹی ٹونٹی میچ ویلنگٹن فائر برڈز کے خلاف ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔

یکم جنوری کو پاکستان شاہینز کا تیسرا ٹی ٹونٹی میچ کینٹر بری کے خلاف لنکن میں ہوگا جبکہ 3تا 7 جنوری پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین دوسرا ٹیسٹ میچ کرائسٹ چر چ میں کھیلا جائے گا۔

3جنوری کو پاکستان شاہینز کا چوتھا ٹی ٹونٹی میچ نیوزی لینڈ الیون،5جنوری کو پاکستان شاہینز کا پانچواں ٹی ٹونٹی میچ نیوزی لینڈ الیون کے خلاف کھیلا جائے گا ، جبکہ پاکستان شاہینز کا سکواڈ 7 جنوری جبکہ قومی ٹیسٹ سکواڈ 9 جنوری کو پاکستان روانہ ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستانی سکواڈ نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے تورنگا پہنچ چکا ہے اور جہاں پر قومی ٹیم نے ٹریننگ کا بھی آغاز کردیا ہے۔

 

قبل ازیں پاکستان کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں تین ٹی 20میچوں کی سیریز میں 1-2سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

Related posts

وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کا کیس: آئین واضح ہے ارکان کو ہدایت پارلیمانی پارٹی دے گی: جسٹس اعجاز

rashid afzaal

ڈپٹی سپیکرکی رولنگ کیخلاف کیس،حمزہ شہباز نے بڑاقدم اُٹھالیا

rashid afzaal

کیلیفورنیا کے جنگلات میں لگی آگ بے قابو ،ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور

rashid afzaal