NPG Media

پی ٹی اے، ٹک ٹاک سے قابلِ اعتراض ویڈیوز ہٹادی گئیں

پشاور: پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے غیر اخلاقی مواد کے باعث ٹک ٹاک ایپلیکشن کو بلاک کرنے کا فیصلہ سنایا گیا تھا جس پر پی ٹی اے نے اب 5 لاکھ قابلِ اعتراض ویڈیوز کو ایپ سے ہٹادیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پشاور ہائیکورٹ کو آگاہ کیا ہے کہ ایپلی کیشن ٹک ٹاک سے حالیہ دنوں میں 5 لاکھ ’قابل اعتراض‘ ویڈیوز ہٹا دی گئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق چیف جسٹس قیصر راشد خان کی سربراہی میں منعقدہ کیس کی سماعت میں پی ٹی اے کے وکیل جہانزیب محسود نے عدالت کو اس حوالے سے آگاہ کیا۔

جہانزیب محسود نے عدالت کو بتایا کہ ٹک ٹاک سے حالیہ دنوں میں اب تک 5 لاکھ ’قابل اعتراض‘ ویڈیوز کو ہٹایا گیا ہے جبکہ ٹک ٹاک ایپلی کیشن کی  انتظامیہ نے پاکستان میں مواد سے متعلق ایک فوکل پرسن بھی مقرر کردیا ہے۔

وکیل جہانزیب محسود کی پی ٹی اے کی جانب سے عدالت میں پیش کی گئی درخواست پر کیس کی آئندہ سماعت یکم اکتوبر کو مقرر کردی گئی ہے۔

یاد رہے کہ پشاور ہائی کورٹ نے 40 مقامی رہائشیوں کی درخواست پر ٹک ٹاک کو 11 مارچ کو بند کرنے کا فیصلہ سنایا تھا۔ بعدازاں پی ٹی اے کی جانب سے حکم کی تکمیل کی گئی اور ویڈیو شئیرنگ ایپ کو پوری مملکت میں بند کردیا گیا۔

واضح رہے کہ عدالت کی جانب سے یہ حکم سنایا گیا تھا کہ ٹک ٹاک کو اس وقت تک ملک میں بند رکھا جائے گا جب تک ایپلی کیشن پر دکھائے جانے والے مواد سے متعلق کوئی باضابطہ نظام نہیں بنایا جاتا اور پاکستان میں کمپنی کسی فوکل پرسن کو مقرر نہیں کرلیتی۔

 

Related posts

عوام کیلئے بری خبر، بجلی کی فی یونٹ قیمت میں بڑا اضافہ

rashid afzaal

کورونا کے حملے پھر تیز، فیس ماسک پہننا لازمی قرار

rashid afzaal

سی ٹی ڈی کا 11دہشتگرد گرفتار کرنے کا دعویٰ

rashid afzaal