NPG Media

حکومت نے ڈیجیٹل میڈیا کو اشتہار دینے کے میکنیزم پر کام شروع کردیا

اسلام آباد: حکومت پاکستان نے ڈیجیٹل میڈیا پر اشتہارات دینے کے حوالے سے حکومتی میکنیزم کی نئی پالیسی پر کام شروع کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس نئی پالیسی کے تحت حکومت کی جانب سے مختلف ڈیجیٹل چینلز کو اسی طرح اشتہارات جاری کیے جائیں گے جیسے پرنٹ اور براڈ کاسٹ میڈیا کو جاری کیے جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی حکومت نے اشتہاروں کیلئے ایسے میکانزم پر کام شروع کیا ہے جس سے ویب سائٹ پرخبریں چلانے اور تھنک ٹینک نیٹ ورک بنانے والوں کو اشتہار دیے جائیں گے۔

حکومت کے ڈیجیٹل میڈیا ونگ کے جنرل منیجرعمران غزالی نے اس حوالے سے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد اس نئی پالیسی سے وفاقی حکومت وزارت اطلاعات کی مدد سے مختلف آن لائن پلیٹ فارمز پر اشتہارات کے اس سلسلے کو چلاسکے گی۔

گزشتہ چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے ڈیجیٹل میڈیا ایڈورٹائزنگ پالیسی پر وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کو شاباش بھی دی تھی۔

دنیا کو پاکستان کا ایک نیا چہرہ دکھانے کیلئے نیوز ویب سائٹس کے ساتھ ساتھ دوسرے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز انسٹاگرام اور یوٹیوب پر کانٹینٹ تیار کرنے والے افراد بھی وزارت اطلاعات کے پاس خود کو رجسٹر کروا سکیں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں مالی سال 2020 کے دوران اشتہارات کا شیئر 23 فیصد تک پہنچ گیا تھا جو 2019 میں 16 فیصد تھا۔ اس کے علاوہ ڈیجیٹل اشتہارات پر 13 ارب 65 کروڑ روپے خرچ کیے گئے تاہم 2019 میں یہ رقم 10 ارب 50 کروڑ تھی۔

Related posts

عوام کیلئے بری خبر، بجلی کی فی یونٹ قیمت میں بڑا اضافہ

rashid afzaal

کورونا کے حملے پھر تیز، فیس ماسک پہننا لازمی قرار

rashid afzaal

سی ٹی ڈی کا 11دہشتگرد گرفتار کرنے کا دعویٰ

rashid afzaal