NPG Media

ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 کا آفیشل ترانہ "گروو میرا” ریلیز کردیا گیا

پی ایس ایل 2021 کا آفیشل ترانہ "گروو میرا” ریلیز کردیا گیا۔ یہ ترانہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر دستیاب ہوگا جبکہ پاکستان کے معروف ٹی وی چینلز بھی اس ترانے کو نشر کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق یہ ترانہ نصیبو لعل، آئمہ بیگ اور ینگ اسٹنرز کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا۔ جس کی ویڈیو میں چھ معروف کرکٹرز بابراعظم، شاداب خان، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور وہاب ریاض جلوہ گر ہوئے۔

تاہم اس ترانے کی ویڈیو کو فدا معین نے ڈائریکٹ کیا ہے۔ اس کے علاوہ اس ترانے کی تیاری میں پاکستان کے فوک، پاپ اور ہپ ہاپ گلوکاروں نے شرکت کی ہے۔

معروف گلوکارہ نصیبو لعل نے اس ترانے کو لے کر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی ایسا ترانہ نہیں گنگنایا، لہٰذا اس ترانے کی تیاری میں انہیں بہت لطف آیا ہے۔

گلوکاری کی دنیا کی کوئین آئمہ بیگ نے کہا ہے کہ وہ بہت خوش ہیں کہ انہیں اس ترانے میں گائیگی کا موقع ملا اور پرامید ہوں کہ یہ ترانہ فینز کو پسند آئے گا۔

اس کے علاوہ نوجوان گلوکار طلحٰہ یونس کا اس پر کہنا تھا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل سکس کے آفیشل ترانے میں گائیگی کا موقع ملنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے، یہ ترانہ ماضی کے ایڈیشنز سے ہٹ کر بنایا گیا ہے، امید ہے فینز کو پسند آئے گا۔

ڈائریکٹر کمرشل پی سی بی بابر حامد کا کہنا ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کا بلاک بسٹر ترانہ ” گروو میرا” فینز کو لیگ سے جوڑنے میں مدد کرے گا، ہم نے اس ترانے کے معیارپر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا، لہٰذا پر امید ہیں کہ اس ترانے کو ملک اور بیرون ملک موجود مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جائے گا۔

انہوں نے کہا ہمیں امید ہے کہ ترانے کی ریلیز کے بعد اب اگلا مرحلہ شائقین کرکٹ کی نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور قذافی اسٹیڈیم لاہور  آمد ہے کہ جہاں انہیں سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محدود تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کرنے والے تماشائی اب کراچی اور لاہور میں کرکٹ ایکشن اور گروو میرا دونوں سے محظوظ ہوں گے۔

خیال رہے کہ یہ ترانہ دنیا بھر میں موجود ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے مداحوں کی کھیل سے محبت اور لیگ سے قربت کی ترجمانی کرتا ہے۔

Related posts

سری لنکا کا پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

rashid afzaal

پاکستان اور نیوزی لینڈ نے سہ فریقی T20 سیریزکی تاریخوں کا اعلان کردیا

rashid afzaal

عوام کیلئے بری خبر، بجلی کی فی یونٹ قیمت میں بڑا اضافہ

rashid afzaal