NPG Media

قطر، عرب ممالک کے درمیان ٹرانسپورٹ اور تجارت ایک ہفتے میں بحال ہوگی

دبئی: متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ انور قرقاش نے کہا ہے کہ قطر اور اس کا بائیکاٹ ختم کرنے والے چار عرب ممالک کے درمیان آئندہ ایک ہفتے میں تجارت اور ٹرانسپورٹ بحال ہو جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انور قرقاش نے کہا کہ ایک ہفتے کے اندر فضائی کمپنیوں ، جہاز رانی اور تجارت کے لیے اقدامات کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ قطر کے ساتھ مکمل سفارتی تعلقت کی بحالی اور خلیج میں ترکی کی موجودگی سے متعلق امور کو طے کرنے میں ابھی وقت لگے گا۔ بعض امور کا حل آسان ہے اور بعض کو طے کرنے میں زیادہ وقت لگے گا۔

واضح رہے کہ چار عرب ممالک اور قطر کے درمیان دوبارہ تعلقات کی بحالی کے لیے منگل کے روز سعودی عرب کے تاریخی شہر العلا میں ایک سمجھوتا طے پایا تھا۔ یو اے ای کے وزیر مملکت نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ منگل کے سمجھوتے سے ہم نے ایک اچھا آغاز کیا تھا لیکن اعتماد کی بحالی کے لیے ہمیں بعض ایشوز درپیش ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دو طرفہ امور کو طے کرنے کیلئے ورکنگ گروپ تشکیل دیے جائیں گے تاکہ ان ایشوز پر پیش رفت کی جا سکے۔

خیال رہے کہ سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ، بحرین اور مصر نے جون 2017 میں قطر کے ساتھ سفارتی اور تجارتی تعلقات منقطع کر لیے تھے ، انہوں نے اس پر الاخوان المسلمون کی پشت پنائی اور دوسرے انتہا پسند گروپوں کے علاوہ ایران سے تعلقات استوار کرنے اور ان چاروں ملکوں کے داخلی امور میں مداخلت کا الزام عائد کیا تھا لیکن قطر نے ان الزامات کی تردید کی تھی۔

 

Related posts

عوام کیلئے بری خبر، بجلی کی فی یونٹ قیمت میں بڑا اضافہ

rashid afzaal

کورونا کے حملے پھر تیز، فیس ماسک پہننا لازمی قرار

rashid afzaal

سی ٹی ڈی کا 11دہشتگرد گرفتار کرنے کا دعویٰ

rashid afzaal