NPG Media

امریکی صدر جوبائیڈن کی مسلمانوں کو رمضان کریم کی مبارکباد

واشنگٹن:(این پی جی میڈیا)امریکا سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں منگل  سے رمضان المبارک کا آغاز ہوگیا۔ امریکی صدر جو بائیڈن اور خاتون اول جِل بائیڈن نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو ماہِ مقدس کی مبارک باد دی ہے۔

ایک خصوصی بیان میں مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے ملک میں موجود مسلم کمیونٹی کی شراکت کے ساتھ ساتھ اس کے اراکین کو درپیش مشکلات کا بھی ذکر کیا۔اپنے بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ جِل اور میں امریکا اور دنیا بھر میں موجود مسلمان برادری کو اپنی گرمجوش مبارکباد اور نیک تمنائیں بھیجتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس عالمی وبا میں دوست اور پیارے ابھی تک خوشیاں منانے اور اجتماع میں اکٹھے نہیں ہوسکتے ہیں اور بہت سارے گھرانے اپنے کھو جانے والے پیاروں کے بغیر افطار کے لیے بیٹھیں گے۔امریکی صدر نے کہا کہ اس کے باوجود ہماری مسلمان برادری اس ماہ کا آغاز نئی امید کے ساتھ کرتی ہیں۔

جو بائیڈن نے اپنے بیان میں اس بارے میں بھی بات کی کہ امریکی مسلمانوں نے ملک کے قیام کے بعد سے ہی ریاست ہائے متحدہ امریکا کو کس طرح تقویت بخشی۔امریکی صدر نے کہا کہ وہ اتنے ہی متنوع اور متحرک ہیں جیسے امریکا کی تعمیر میں انہوں نے مدد کی، آج مسلمان کووِڈ 19 کے خلاف ہماری لڑائی میں آگے ہیں اور ویکسین کی تیاری اور صف اول کے طبی کارکنان کے طور اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

امریکی صدر نے اعتراف کیا کہ غنڈہ گردی، تعصب اور نفرت انگیز جرائم کے ذریعے امریکی مسلمانوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ تعصب اور حملے غلط ہیں، ناقابل قبول ہیں اور انہیں لازما رکنا چاہیے، کسی امریکی کو اپنے عقیدے کے باعث خوف میں زندگی نہیں گزارنی چاہیے۔تعصب اور حملے غلط ہیں، ناقابل قبول ہیں اور انہیں لازما رکنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ قرآن پاک ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ‘خدا زمین و آسمان کا نور ہے’ جو ہمیں اندھیرے سے روشنی میں لے جاتا ہے۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ حالانکہ اس رمضان ہماری وائٹ ہاوس کی تقریبات کا انعقاد ورچوئلی ہوگا، جِل اور میں اگلے سال ذاتی طور پر وائٹ ہاؤس کی روایتی عید کی خوشی منانے کے منتظر ہیں۔

Related posts

عوام کیلئے بری خبر، بجلی کی فی یونٹ قیمت میں بڑا اضافہ

rashid afzaal

کورونا کے حملے پھر تیز، فیس ماسک پہننا لازمی قرار

rashid afzaal

سی ٹی ڈی کا 11دہشتگرد گرفتار کرنے کا دعویٰ

rashid afzaal