NPG Media

محمد حفیظ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل فارمیٹ میں مزید 2 اعزاز اپنے نام کرنے کے لیے پرعزم

سنچورین:(این پی جی میڈیا)قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر محمد محمد حفیظ نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل فارمیٹ میں مزید 2 اعزاز اپنے نام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ 10 اپریل کووانڈررز اسٹیڈیم  جوہانسبرگ میں کھیلا جائیگا۔ چار میچوں پر مشتمل اس سیریز کا یہ پہلا میچ اس لیے بھی اہم ہے کہ اس میچ میں شائقین کرکٹ کی نظریں قومی کرکٹر محمد حفیظ پر مرکوز ہوں گی، جنہیں ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں 100 انٹرنیشنل میچز مکمل کرنے کے لیے صرف ایک میچ اور شعیب ملک سے زیادہ رنز بنانے کے لیے مزید 13 رنز درکار ہیں۔

چالیس سالہ کرکٹر اگر 10 اپریل کو قومی کرکٹ ٹیم کی فائنل الیون کا حصہ بنتے ہیں تو یہ ان کا 100 واں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ ہوگا۔

اس سے قبل صرف شعیب ملک  ہی پاکستان کی جانب سے یہ اعزاز حاصل کرپائے ہیں۔ وہ 116 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے دنیا کے پہلے کرکٹر ہیں۔اس فہرست میں بھارت کے روہت شرما (111میچز)  کا دوسرا، انگلینڈ کے آئن مورگن ، نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل اور راس ٹیلر (102میچز) کا تیسرا نمبر ہے۔

محمد حفیظ نے پاکستان کی جانب سے اپنا پہلا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ اگست 2006 میں انگلینڈ کے خلاف برسٹل کے مقام پر کھیلا تھا، جہاں انہوں نے 46 رنز کی اننگز کھیل کر پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔دلچسپ امر یہ ہے کہ محمد حفیظ نے اپنے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ کیرئیر کا 50واں میچ بھی 2013 میں اسی وانڈررز اسٹیڈیم میں کھیلا تھاجہاں ہفتے کو ممکنہ طور پر وہ اپنا 100واں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کھیلیں گے۔

محمد حفیظ اب تک 99 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں 2323 رنز بنا چکے ہیں۔ اس فارمیٹ میں پاکستان کی جانب  سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز شعیب ملک کے پاس ہے جو 116 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں 2335 رنز بناچکے ہیں۔ محمد حفیظ کو یہ سنگ میل عبور کرنے کے لیے مزید 13 رنز درکار ہیں۔

Related posts

سری لنکا کا پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

rashid afzaal

پاکستان اور نیوزی لینڈ نے سہ فریقی T20 سیریزکی تاریخوں کا اعلان کردیا

rashid afzaal

عوام کیلئے بری خبر، بجلی کی فی یونٹ قیمت میں بڑا اضافہ

rashid afzaal