NPG Media

سپریم کورٹ کا سینیٹ انتخابات کے حوالے سے فیصلہ تاریخی ہے: شبلی فراز

پشاور: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا سینیٹ انتخابات کے حوالے سے فیصلہ تاریخی ہے ، صدارتی ریفرنس کا مقصد یہی تھا کہ عملی اقدامات کیا کئے جائیں ، ملک اخلاقی طور پر وہ ترقی نہیں کرسکا جس کا وہ حقدار ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ مسلم لیگ ن سمجھتی ہے جو حق میں فیصلہ آئے وہ ٹھیک ، نہ آئے تو غلط ہے ۔ انہوں نے ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کا کہنا ہے شاید لانگ مارچ کی باری نہ آئے ، ہم نے یہی دیکھا ہے پی ڈی ایم والے قلابازیاں کھاتے رہتے ہیں ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں ہمیشہ سے پیسے کا استعمال ہوتا رہا ہے ، ووٹ خرید کر سینیٹ میں آنے والے عوام کیلئے قانون نہیں بناتے ۔ قانون سازی میں اپوزیشن کے ذاتی مفاد آگے آ جاتے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ آرٹیکل 226 کی وضاحت کیلئے ہم سپریم کورٹ گئے اور آئین کی تشریح میں سپریم کورٹ سے رہنمائی مانگی گئی ، انہوں نے کہا کہ صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کی رائے تاریخی ہے۔ عدالت نے نشاندہی کی کہ شفاف الیکشن کیلئے ٹیکنالوجی استعمال ہو ۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق شفاف انتخابات کیلئے اقدامات کرے ، سینیٹ کا ہر رکن اہلیت کی بنیاد پر منتخب ہونا چاہئے ، عوام کی جو صحیح نمائندگی کرتے ہیں وہ پیسے کے زور پر نہیں آئے ۔
شبلی فراز نے کہا کہ تحریک انصاف شفافیت کا نظریہ لے کر میدان میں اتری تھی ، پی ٹی آئی شروع دن سے کرپشن کیخلاف جنگ لڑ رہی ہے ۔ کرپشن فری سوسائٹی کیلئے حکومت نے عملی اقدامات کئے ہیں ، سب نے دیکھا شفافیت کے مسئلے پر کون کس جگہ پر کھڑا تھا ۔ اپوزیشن نے ہمیشہ پیسے اور دھونس کی سیاست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرپشن فری انتخابات ہونے چاہئیں ، سینیٹ انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی امیدوار عبدالحفیظ شیخ سینیٹ انتخابات میں واضح کامیابی حاصل کریں گے ، عبدالحفیظ شیخ اور مجھ سمیت پی ٹی آئی کا ہر امیدوار وزیراعظم کے وژن اور نظریئے کا علمبردار ہے ، حکومت کا ہمیشہ سے نظریہ رہا ہے تمام ریاستی ادارے آزاد ہوں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کرپشن کے خاتمے کیلئے سیاست میں آئے ، جمہوریت کا عملی مقصد عوام کی خدمت ہے۔ لوگ ووٹ عمران خان اور اس کے نظریئے کو دیں گے ، خرید و فروخت میں ملوث ہر شخص پر ہماری نظر ہے۔

Related posts

وزیراعلیٰ پنجاب کا معاملہ، حمزہ شہباز نے فل کورٹ بینچ بنانے کی درخواست دائر کردی

admin

’میچ فکسنگ کی طرح بینچ فکسنگ بھی ایک جرم ہے‘، حکمران اتحاد کا فل کورٹ بنانے کا مطالبہ

admin

بارشوں سے متعلق محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

rashid afzaal