NPG Media

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی افغانستان کے عبوری وزیراعظم سے ملاقات

کابل: (این پی جی میڈٰیا) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اعلی سطح وفد کے ہمراہ ایک روزہ دورہ پر افغانستان پہنچ گئے۔ شاہ محمود قریشی نے افغانستان کے عبوری وزیر اعظم حسن اخوند سے ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے وزیر خارجہ ایک روزہ دورے پر افغانستان پہنچ گئے۔ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق ،سیکرٹری خارجہ سہیل محمود ،سیکرٹری کامرس صالح احمد فاروقی ، چیئرمین پی آئی اے ائیر مارشل (ر) ارشد ملک ، چیئرمین نادرا طارق ملک ،کسٹم ، ایف بی آر اور وزارت خارجہ کے سینیئر افسران بھی افغانسان کے ایک روزہ دورے پر گئے۔
افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی، افغانستان میں تعینات پاکستانی سفیر منصور احمد خان اور وزارت خارجہ افغانستان کے سینیئر حکام نے پاکستانی وفدکا خیر مقدم کیا۔
وزارت خارجہ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کابل میں افغانستان کے عبوری وزیراعظم ملا حسن اخوند سے ملاقات کی ، افغان عبوری حکومت کے نائب وزیر اعظم مولوی عبدالسلام حنفی نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا، اس موقع پر افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی بھی موجود تھے۔
دوران ملاقات دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور ،تجارتی و اقتصادی شعبہ جات میں تعاون بڑھانے اور افغان عوام کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان میں دیرپا امن اور استحکام کا خواہاں ہے، پاکستان، انسانی بنیادوں پر افغان بھائیوں کی مدد کے لیے پرعزم ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت بڑھانے کا متمنی ہے، افغان شہریوں بالخصوص تاجروں کے لیے ویزہ سہولیات، نئے بارڈر پوائنٹس کا اجرا اور نقل و حرکت میں سہولت کی فراہمی اسی سلسلے کی کڑیاں ہیں، پاکستان ، افغانستان کے قریبی ہمسایہ ممالک کے ساتھ مل کر خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے پر عزم ہے۔
افغان وزیراعظم ملا حسن اخوند نے انسانی امداد کی بروقت فراہمی پر پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

Related posts

وزیراعلیٰ پنجاب کا معاملہ، حمزہ شہباز نے فل کورٹ بینچ بنانے کی درخواست دائر کردی

admin

وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کا کیس: آئین واضح ہے ارکان کو ہدایت پارلیمانی پارٹی دے گی: جسٹس اعجاز

rashid afzaal

’میچ فکسنگ کی طرح بینچ فکسنگ بھی ایک جرم ہے‘، حکمران اتحاد کا فل کورٹ بنانے کا مطالبہ

admin