NPG Media

حکومت کی کارکردگی تاریخی بربادی کی ہے، احسن اقبال

ahsan iqbal
فوٹو:فائل

اسلام آباد(این پی جی میڈیا)مسلم لیگ (ن) کے رہنما ء احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت کی کارکردگی تاریخی بربادی کی ہے۔اسلام آبا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور میں سب سے بڑی مہنگائی ہوئی ہے، عمران نیازی کہتے ہیں کہ ڈھائی سال پر فخر ہے، آپ نے ڈھائی سال میں پاکستانی کی ترقی کا سب سے بڑا کریش کیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ آپ کہتے ہیں کہ پنجاب میں وسیم اکرم پلس دیا ہے، پنجاب میں پوری انتظامیہ دونوں ہاتھوں سے مال بنانے میں لگی ہے۔انہوں نے کہا کہ خود پی ٹی آئی کے ممبر کہتے ہیں کہ پنجاب میں ایسا حال پہلے نہیں دیکھا، حالت یہ ہے کہ ماسک پہنانے کیلئے بھی آپ کو فوج کی ضرورت پڑ رہی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کہاں ہے سول انتظامیہ؟ ہمارے دور میں یہی سول ادارے کام کرتے تھے، آپ نے افسران پر جھوٹے مقدمے بنابنا کر سول سروس کا مورال ختم کر دیا، ہم نے جن نااہل لوگوں کو سائیڈ پر کیا آپ نے انہیں کلیدی عہدے دیئے، نیب کے ذریعے آپ نے ماحول تباہ کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ اب پیسہ یہاں سے بھاگ رہا ہے، عمران خان آپ واپس جائیں، شوکت خانم کو آپ کی ضرورت ہے۔اپنے اوپر بنائے گئے مقدمات کے متعلق انہوں نے کہا کہ کیس یہ ہے کہ پاکستان میں جدید ترین کھیلوں کا مرکز کیوں بنایا؟،90 فیصد پراجیکٹ مکمل تھا، اس حکومت نے فنڈنگ روک کر اسے کھنڈر بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ کروڑوں روپے کی ٹرف کو وارنٹی ختم کر کے ضائع کر دیا گیا، جو یہ نقصان ہوا کیس دراصل اس پر بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نارووال سپورٹس سٹی کیس میں تمام ضابطوں کو پورا کیا گیا تھا، جبکہ کرتار پور منصوبہ 17 ارب کا بنا، جس کی کابینہ سے منظوری اب لی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کیا یہ کھلا تضاد نہیں، میں تمام ضابطے مکمل کر کے جیل کاٹ آیا، دوسری جانب ایک منصوبے پر کوئی ضابطہ پورا نہیں ہوا اور کوئی جوابدہ نہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج پی ٹی آئی والے بھی اسی موٹر وے سے فائدہ اٹھاتے ہیں، ہمیں فخر ہے کہ ہم نے پاکستان کے اندھیرے دور کئے تھے۔

Related posts

وزیراعلیٰ پنجاب کا معاملہ، حمزہ شہباز نے فل کورٹ بینچ بنانے کی درخواست دائر کردی

admin

’میچ فکسنگ کی طرح بینچ فکسنگ بھی ایک جرم ہے‘، حکمران اتحاد کا فل کورٹ بنانے کا مطالبہ

admin

بارشوں سے متعلق محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

rashid afzaal