اسلام آباد:(این پی جی میڈیا)ملک میں جاری کرونا کی تیسری لہر کے پیش نظر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے امتحانات سے متعلق اہم اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ کرونا کی بگڑتی صورت حال کے پیش نظر پندرہ جون تک تمام امتحانات ملتوی کردئیے گئے ہیں،اب او لیول کے امتحانات اکتوبر اور نومبر میں ہوں گے۔
وزیر تعلیم شفقت محمود نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ اب 15 جون 2021 تک ملک میں کوئی امتحان نہیں ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ او اور اے لیول کے امتحانات بھی اب اکتوبر نومبر میں ہوں گے، مئی کے تیسرے ہفتے میں صورتحال کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔
پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بتایا کہ جن طلبا کا سال ضائع ہونےکاخدشہ ہے وہ اسی ڈیٹ شیٹ پرامتحان دے سکیں گے، اس حوالے سے کیمبرج انتطامیہ سے بات چیت ہوئی ہے، کمیبرج نےکہا ہے کہ اکتوبر نومبر میں امتحانات پر اضافی فیس نہیں ہوگی، جو بچے امتحان دینگے وہ سخت ایس اوپیز کےساتھ ہونگے، اگر کہیں امتحان ہوئے تو 50سےزیادہ بچے نہ ہوں۔