لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پی ڈی ایم والے پہلے اپنا حال درست کریں ، پھر ہماری طرف آئیں ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا کہ میری تبدیلی کی افواہیں پھیلانے کا مقصد پنجاب میں ترقی کو روکنا ہے ۔ میں ادھر ہی ہوں اور پنجاب میں عوام کی خدمت کرتا رہوں گا ۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم والے تو خود اپنا منہ چھپاتے پھر رہے ہیں ، پنجاب میں شفافیت سے حکومت چل رہی ہے اور یہاں ایک اسکینڈل بھی نہیں ہے ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میرا پرویزالٰہی پر اور پرویز الٰہی کا مجھ پر پورا اعتماد ہے ، پرویزالٰہی ہمارے بزرگ ہیں اور میرے کام کو اچھی طرح جانتے ہیں ، یہ بات درست نہیں کہ ہم نے لاہور کے لیے کام نہیں کیا ۔
دوسری جانب مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ڈی ایم کا اتحاد توڑنے کی سازشیں ہو رہی ہیں لیکن ہم بچے نہیں ، اللہ نے عقل دی ہے ، اپنا نفع نقصان نہ سمجھ سکیں تو ہمیں سیاست کرنے کا حق نہیں ۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ میرے آصف زرداری اور میاں نواز شریف سمیت سب سے رابطے ہیں ، پیپلزپارٹی نے اپنی سی ای سی کا اجلاس بلالیا ہے ، مثبت جواب کی امید ہے ۔
انہوں نے کہا کہ تجویز ہے کہ پہلے مرحلے میں صرف قومی اسمبلی سے استعفے دیے جائیں ، دوسرے مرحلے میں صوبائی اسمبلیوں سے استعفے دینے کی تجویز ہے ۔ سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ سندھ اسمبلی سے سب سے آخر میں مستعفی ہونے کی تجویز ہے ۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ طے ہے ہمارے پاس احتجاجی تحریک کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ، اگر صرف ایوانوں میں لڑنا ہے تو پھر پی ڈی ایم کیوں بنائی ؟ ہم نے عوام میں جانے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ لانگ مارچ رمضان کے بعد ہونے کی امید ہے ۔