NPG Media

اپوزیشن جہاں بھی جائے ناکامی اس کا مقدر، لانگ مارچ کرنا آسان نہیں ، وزیر داخلہ

اسلام آباد (این پی جی میڈیا)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن جہاں بھی جائے ناکامی ان کا مقدر ہے، لانگ مارچ کرنا آسان نہیں، آصف زرداری پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ استعفوں کے حامی نہیں ہیں۔

ایک انٹرویومیں شیخ رشید نے کہا کہ پی ڈی ایم نے جلسے بھی کئے ہیں، احتجاج بھی کر چکے ہیں، مولانا فضل الرحمان دھرنا بھی دے چکے ہیں تاہم ان کی بات بن نہیں رہی اور مجھے پی ڈی ایم کی بات بنتی نظر بھی نہیں آ رہی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان وزیراعظم عمران خان کے خلاف مفاد پر مبنی ایک تعلق ضروری ہے تاہم ان دونوں جماعتوں کے درمیان نہ تو کوئی این آر او ہے اور نہ ہی کوئی مفاہمت ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ آصف زرداری اپنی سندھ کی حکومت کسی صورت ختم نہیں کریں گے، آصف زرداری جانتے ہیں کہ مریم نواز اور مولانا فضل الرحمان کا تو کچھ نہیں جانا لیکن پیپلز پارٹی کے پاس ایک صوبے کی حکومت ہے، آصف زرداری پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ وہ استعفے دینے کے حق میں نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو ملک واپس آنا چاہیے، نواز شریف ایک سیاستدان ہیں اور سیاستدان کا جینا مرنا اپنے ملک میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف وطن واپس نہیں آئیں گے، اگر وہ وطن واپس آنا چاہیں تو وزارت داخلہ ان کو 24 گھنٹے کے اندر ملک میں واپس آنے کی اجازت دینے کے لئے تیار ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کے حوالے سے حکومت نے اپنی کمیٹی بنا دی ہے اور اس حوالے سے مشاورت کی جا رہی ہے، جیسے جیسے پی ڈی ایم کی تحریک آگے بڑھے گی اس کے ساتھ ساتھ حکومت بھی اپنے فیصلے کرے گی۔

Related posts

وزیراعلیٰ پنجاب کا معاملہ، حمزہ شہباز نے فل کورٹ بینچ بنانے کی درخواست دائر کردی

admin

’میچ فکسنگ کی طرح بینچ فکسنگ بھی ایک جرم ہے‘، حکمران اتحاد کا فل کورٹ بنانے کا مطالبہ

admin

بارشوں سے متعلق محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

rashid afzaal