NPG Media

اپوزیشن کھلے دل سے انتخابی عمل کو تسلیم کرے،صادق سنجرانی

اسلام آباد:( این پی جی میڈیا) نو منتخب چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ وہ گزشتہ تین سالوں کی طرح آئندہ بھی تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔انہوں نے حکمران اتحاد کی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے اور اپوزیشن پر واضح کیا ہے کہ جمہوری عمل مکمل ہوا ہے۔اس عمل سے جمہوریت مزید مضبوط ہوگی۔

اس امر کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں نو منتخب ڈپٹی چیئرمین مرزا آفریدی کے ہمراہ اپنے انتخاب کے بعد اپنی پہلی پریس کانفرنس میں کیا۔سینیٹر صادق سنجرانی نے کہا کہ آئین کے مطابق جمہوری عمل مکمل ہوا ہے کھلے دل کے ساتھ تمام جماعتوںکو اس جمہوری عمل کے پرائیڈنگ افسر کے فیصلے کو تسلیم کرنا چاہیے یہی آئین کی حکمرانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران میرے تمام اراکین سینٹ سے قریبی روابط رہے اور آئندہ بھی سب کو ساتھ لے کر چلوں گا ہمارا مقصد اس اہم فورم پر عوامی مسائل کو زیر بحث لانا اور ان کا حل تلاش کرنا ہے۔اپوزیشن کی طرف سے آٹھ ووٹ مسترد ہونے کو جمہوریت پر حملہ قرار دینے سے متعلق سوال کے جواب میں نومنتخب چیئرمین سینٹ نے کہا کہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ سینٹ میں ہونے والے اس انتخابی عمل سے جمہوریت مزید مضبوط ہوگی۔ایک اہم جمہوری عمل مکمل ہوا ہے۔کھلے دل کے ساتھ اپوزیشن اس فیصلے کو تسلیم کرے ہم سب نے عوام کے لیے آگے بڑھنا ہے۔

اس موقع پر نو منتخب ڈپٹی چیئرمین مرزا آفریدی نے کہا کہ وہ کافی عرصہ سے پارلیمنٹ میں عوامی مسائل کے لیے متحرک ہیں اور ان کے حکومت و اپوزیشن تمام جماعتوں سے قریبی تعلقات ہیں اور یہی تعلقات میرے کام آئے اور مجھے زیادہ ووٹ ملے۔ایوان نے جس بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اترنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیت کو بروئے کار لائوں گا۔

Related posts

وزیراعلیٰ پنجاب کا معاملہ، حمزہ شہباز نے فل کورٹ بینچ بنانے کی درخواست دائر کردی

admin

’میچ فکسنگ کی طرح بینچ فکسنگ بھی ایک جرم ہے‘، حکمران اتحاد کا فل کورٹ بنانے کا مطالبہ

admin

بارشوں سے متعلق محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

rashid afzaal