NPG Media

ٹیررازم سے ٹورازم کا سفر انتہائی کٹھن تھا: ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ ٹیررازم سے ٹورازم کا سفر انتہائی کٹھن تھا ، یوم پاکستان کی پریڈ کا بھر پور انعقاد ہوگا ، افواج پاکستان یوم پاکستان کی پریڈ میں شرکت کریں گی۔

پریس بریفنگ میں میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ تمام چیلنجز میں میڈیا نے مثبت کردار ادا کیا۔ 22 فروری 2017 کو آپریشن ردالفساد کا آغاز کیا گیا جس کا دائرہ پورے ملک میں پھیلایا گیا ، اس آپریشن کا مقصد پُرامن اور مستحکم پاکستان تھا۔ انہوں نے کہا کہ انتہاپسندی کو سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور عوام کے تعاون سے شکست دی جاتی ہے ، ہر پاکستانی ردالفساد کا سپاہی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد ملک میں بچوں اور خواتین کو نشانہ بنا رہے تھے ، دہشت گردوں نے عوامی زندگی کو مفلوج کرنے کی کوشش کی۔ طاقت کا استعمال صرف ریاست کی صوابدید ہے۔ 2010 سے 2017 تک مختلف ایریاز کو دہشت گردوں سے کلیئر کرایا جا چکا تھا ۔ سول اداروں کا قیام دائمی امن کی جانب درست اقدام ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں 1684 کراس بارڈر واقعات ہوئے جبکہ 3 لاکھ 78 ہزار سے زائد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیے گئے۔ پنجاب میں 34 ہزار ، سندھ میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد آپریشن کیے گئے جبکہ خیبرپختونخوا میں 92 ہزار سے زائد انٹیلی جنس آپریشن کیے گئے۔ ان آپریشنز سے اربن ٹیررازم پر قابو پانے میں مدد ملی اور بہت سے دہشت گرد نیٹ ورکس کو ختم کرنے میں مدد ملی۔

میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ گوادر ہوٹل پر حملہ کرنے والوں کو جہنم واصل کیا گیا ، سیکیورٹی فورسز نے انتھک محنت اور بے شمار قربانیوں سے امن قائم کیا ، ساڑھے 700 کلومیٹر سے زائد علاقے پر ریاست کی رٹ بحال کی گئی۔ 72 ہزار سے زائد اسلحہ ملک بھر سے بازیاب کیا گیا۔ 4 سال میں 353 دہشت گردوں کو جہنم واصل جبکہ سیکڑوں کو گرفتار کیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 2017 سے اب تک قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد بڑھائی گئی۔ پاک افغان بارڈر پر کام 84 فیصد مکمل کرلیا گیا ہے ، ٹرانزٹ ٹریڈٹ کا میکنزم بہت بہتر ہو جائے گا۔ قبائلی علاقوں میں ڈی مائننگ کی پروگریس بہت اچھی چل رہی ہے۔ اب تک 48 ہزار سے زائد مائنز ریکور کر چکے ہیں اور نارملائزیشن کی طرف بڑھ رہے ہیں ، چیک پوسٹیں کم کرکے ڈھائی سو کر دی ہیں۔

ترجمان پاک فوج نے مزید بتایا کہ 37 ہزار 428 سے زائد پولیس فورس کے جوانوں کو تربیت دی ہے جبکہ ساڑھے 3 ہزار سے زائد لیویز اہلکاروں کی ٹریننگ جاری ہے۔ ٹی ڈی پیز کیمپس میں 96 فیصد افراد اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 344 دہشت گردوں کو سزائے موت سنائی گئی ، 78 سے زائد دہشت گرد تنظیموں کے خلاف آپریشن کیا گیا۔ دہشت گردوں کے اکاؤنٹس منجمد کیے گئے ، 300 سے زائد قوم پرستوں نے ہتھیار ڈالے۔

میجر جنرل بابر افتخار نے بتایا کہ پیغام پاکستان نے مذہب کے نام پر نوجوانوں کو دہشت گردی کے چنگل میں جانے سے بچالیا ، پیغام پاکستان نے دہشت گردی کے بیانیے کو شکست دی۔ گلگت میں مہدی شاہ رضوی اور فیملی کا اعتراف واضح مثال ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں کی مالی معاونت کے ثبوت دنیا کے سامنے رکھے۔

انہوں نے کہا کہ وہ علاقے جو دہشت گردی کا شکار تھے وہاں اب اقتصادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ خیبرپختونخوا میں 31 بلین سے زائد 800 ترقیاتی کاموں کا آغاز ہو چکا ہے۔ فوڈ سیکیورٹی چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے سیکیورٹی اداروں نے کردار ادا کیا ، آپریشن کے ثمرات ہر میدان میں نظر آرہے ہیں۔ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو اختیارات کی منتقلی ہوئی۔

Related posts

وزیراعلیٰ پنجاب کا معاملہ، حمزہ شہباز نے فل کورٹ بینچ بنانے کی درخواست دائر کردی

admin

وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کا کیس: آئین واضح ہے ارکان کو ہدایت پارلیمانی پارٹی دے گی: جسٹس اعجاز

rashid afzaal

’میچ فکسنگ کی طرح بینچ فکسنگ بھی ایک جرم ہے‘، حکمران اتحاد کا فل کورٹ بنانے کا مطالبہ

admin