NPG Media

کسی کٹھ پتلی کو کشمیرکی آزادی کا سوداکرنے کی اجازت نہیں دیں گے،بلاول بھٹو زرداری

فوٹو فائل
فائل فوٹو

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کسی کٹھ پتلی کو کشمیرکی آزادی کا سودا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،مودی کو جواب دینا ہے تو پاکستان میں جمہوریت قائم کرنا ہوگی،ہم پر نالائق ،نا اہل کو مسلط کیا گیا ، سلیکٹڈ حکومت آج پاکستان میں راج کر رہی ہے۔

کشمیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی اورکشمیر کا 3 نسلوں کا ساتھ ہے، ذوالفقار علی بھٹو نے کہا تھا کہ کشمیر کی آزادی کیلئے ہم ہزار سال جنگ لڑیں گے اور بینظیر بھٹو نے کہا تھا کہ جہاں کشمیریوں کا پسینہ گرے گا وہاں ہمارا خون گرے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم پر نالائق اورنااہل کو مسلط کیا گیا ہے اور سلیکٹڈ حکومت آج پاکستان میں راج کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہمارے وزرائے اعظم نے تاریخی بیانات دیئے ،آج جب کشمیر پر تاریخ کا بدترین حملہ ہوتا ہے تو ہمارے کٹھ پتلی وزیراعظم کا بیان یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جب کشمیر پر حملہ ہوا، پورے کشمیر کو جیل بنادیا گیا، جہاں 500 دن سے زیادہ لاک ڈاؤن چل رہا ہے وہاں قومی اسمبلی میں ہمارے وزیراعظم کا بیان اور مودی کو جواب کیا تھا کہ میں کیا کروں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مودی کو فاشسٹ بھی کہتے ہیں اور ہٹلر بھی اور پھر ان کے الیکشن جیتنے کی دعا بھی کرتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ کٹھ پتلی والے سیم پیج کی رٹ لگا بیٹھے ہیں لیکن ہمیں اندازہ ہے کہ اگر کوئی سیم پیج پر ہے تو مودی اور عمران خان سیم پیچ پر ہیں، وہاں بھی مودی نے میڈیا پر پابندیاں لگائی ہیں، اپنے مخالفین خاص طور پر کشمیر یوں کو گرفتار کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی نسل کشی کی جارہی ہے ،مقبوضہ کشمیر کو جیل بنا دیا گیا ہے تاہم کشمیریوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس قسم کا نالائق اورنااہل وزیراعظم نہ صرف پاکستانیوں کی آزادی کو خطرے میں ڈالتا ہے بلکہ وہ ہر کشمیری کی آزادی کو بھی خطرے میں ڈالتا ہے، ہم جانتے ہیں کہ اگر مودی کی فاشزم اور غیر جمہوری طریقے کا جواب دینا ہے تو فاشزم یا کسی کٹھ پتلی سے جواب نہیں دیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر مودی کو جواب دیا جاسکتا ہے تو جمہوری پاکستان جواب دے گا، اگر مودی کو کوئی بے نقاب کرے گا تو وہ صرف پاکستان کا منتخب نمائندہ کر سکتا ہے، اگر مودی کو ہم نے ہروانا ہے تو سب سے پہلے پاکستان میں جمہوریت قائم کرنا ہوگی ، پاکستان کا جمہوری وزیر اعظم منتخب کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ آج وزیراعظم کی نشست پر ایک کٹھ پتلی ہے ہم کسی کٹھ پتلی کو کشمیرکی آزادی کا سوداکرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

Related posts

وزیراعلیٰ پنجاب کا معاملہ، حمزہ شہباز نے فل کورٹ بینچ بنانے کی درخواست دائر کردی

admin

’میچ فکسنگ کی طرح بینچ فکسنگ بھی ایک جرم ہے‘، حکمران اتحاد کا فل کورٹ بنانے کا مطالبہ

admin

بارشوں سے متعلق محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

rashid afzaal