NPG Media

شاہ محمود قریشی کی ترک وزیر خارجہ سے ملاقات، اہم معاملات پر تبادلہ خیال

اسلام آباد : وزارت خارجہ میں ترکی اور پاکستان کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات نے مودی سرکار پر بجلیاں گرا دیں ، مذاکرات میں پاک ترک تعلقات ، مختلف شعبوں میں کثیر الجہتی اسٹریٹجک شراکت داری کے پہلوؤں پر اہم معاہدے کر لیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت شاہ محمود قریشی اور ترک وفد کی قیادت میولود چاوش اولو نے کی ، شاہ محمود قریشی نے ترک وزیر خارجہ کو سفارتی خدمات کے اعتراف میں ہلال پاکستان ملنے پر مبارکباد بھی پیش کی ، انہوں نے ترکی میں گیس کے نئے ذخائر کی دریافت پر بھی ترک وزیر خارجہ کو مبارکباد پیش کی ، انہوں نے مزید کہا کہ فروری 2020 میں ترک صدر کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک میں تعلقات مزید مستحکم ہوئے۔

شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر کہا کہ عالمی وبا نے پوری دنیا کی معیشت کو تباہی سے دوچار کیا ہے ، عالمی وبا کی دوسری لہر مزید خطرناک ثابت ہو رہی ہے۔ پاکستان جیسے ترقی پزیر ممالک کیلئے وبا کے معاشی مضمرات شدید نوعیت کے ہیں ، انہوں نے کہا کہ معاشی مضمرات سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کاوشیں اور کمزور معیشتوں کو سہارا دینے کی ضرورت ہے ، ان اقدامات پر غور کرنا ہے جن سے پاک ترک تعلقات اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کر سکیں۔

پاکستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جس نے نگورنوکاراباخ کے معاملے پر آذربائیجان کے موقف کی حمایت کی ، پاکستان نے آرمینیائی افواج کے جلد انخلا پر بھی زور دیا ، فلسطین سے متعلق پاکستان 2 ریاستی حل کے موقف پر قائم ہے۔

ترک وزیر خارجہ نے پرتپاک خیر مقدم پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم ترکی کی طرح پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں ، ترک وزیر خارجہ نے پاک ترک تجارتی ، اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کا عندیہ بھی دیا۔

اس سے قبل صدر پاکستان عارف علوی نے ترک وزیر خارجہ میولود چاوش اولو کو ہلال پاکستان کے اعزاز سے نواز دیا۔

خیال رہے کہ میولود چاوش اولو نے عالمی سطح پر امن کے فروغ کے لیے بے شمار خدمات انجام دیں ہیں جس کے اعتراف میں عارف علوی نے انہیں ملک کا اعلیٰ سول ایوارڈ ہلال پاکستان سے نوازا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ترک وزیر خارجہ کو ہلال پاکستان دینے کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی جس میں وفاقی وزرا ، ارکان پارلیمنٹ اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اس تقریب کے بعد میولود چاوش اولو نے وزارت خارجہ میں پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ، اس موقع پر ترک وزیر خارجہ نے وزارت خارجہ کے لان میں پودا لگایا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق میولود چاوش اولو اپنے دورے کے دوران وزیر خارجہ ، وزیر اعظم عمران خان سمیت اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے ، ان ملاقاتوں میں پاک ترک تعلقات ، مختلف شعبوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوگی۔

خیال رہے کہ ترک وزیر خارجہ کا ڈھائی سال میں یہ تیسرا دورہ ہے۔ دونوں ممالک میں دیرینہ تاریخی اور ثقافتی تعلقات باہمی اعتماد پر قائم ہیں۔

Related posts

وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کا کیس: آئین واضح ہے ارکان کو ہدایت پارلیمانی پارٹی دے گی: جسٹس اعجاز

rashid afzaal

وزیراعلیٰ پنجاب کا معاملہ، حمزہ شہباز نے فل کورٹ بینچ بنانے کی درخواست دائر کردی

admin

’میچ فکسنگ کی طرح بینچ فکسنگ بھی ایک جرم ہے‘، حکمران اتحاد کا فل کورٹ بنانے کا مطالبہ

admin