NPG Media

وزیراعظم نے فلم انڈسٹری کو اہم مشورہ دے دیا

فائل فوٹو

اسلام آباد (این پی جی میڈیا )وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں چاہتا ہوں کہ ہماری فلم انڈسٹری اپنی ایک نئی سوچ لے کر آئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فلم انڈسٹری شروعات میں غلط راستے پر چل پڑی تھی، ہم نے پڑوسی ملک کی فلموں کی نقل بنانا شروع کی، نقل کی کوئی حیثیت نہیں ہوتی ،اصل کی حیثیت ہوتی ہے۔

انہوں نے نصرت فتح علی خان کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ میں نے دنیا بھر میں شوکت خانم کینسر ہسپتال کے لیے تقاریب میں نصرت فتح علی خان کو متعارف کرایا اور بڑے بڑے انگلش پاپ سٹارز ان کے گن گانے لگے، بعد میں کئی پاکستانی پاپ سٹارز نے مجھ سے کہا کہ میں انہیں بھی متعارف کراوں لیکن ان کی کوئی اہمیت اس لیے نہیں تھی کیونکہ وہ مغربی بینڈز کی کاپی کرتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ اہمیت صرف نصرت فتح علی خان کی تھی اور اگر ان کا انتقال نہ ہوتا تو وہ مغرب میں بہت بڑا نام بننے لگا تھا کیونکہ وہ ان کے ہنر کی بہت عزت کرتے تھے۔

پاک چائنہ فرینڈ شپ سینٹر اسلام آباد میں نیشنل امیچور شارٹ فلم فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ پاکستان میں نیا آغاز ہے، مجھے یہ شارٹ فلمز دیکھ کر بہت خوشی ہوئی کہ اب ہم صحیح سمت میں جا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ کرکٹ کے دنوں میں ہمیں کہا جاتا تھا کہ ہم انگریز سے نہیں جیت سکتے، اس سوچ کے بعد ہم جیتا ہوا میچ ہار جاتے تھے، ہارنے کا خوف انسان کو آگے بڑھنے نہیں دیتا، دنیا میں رسک لینے والا ہمیشہ کامیاب ہوتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نوجوان فلم میکرز سے کہتا ہوں کہ اپنی سوچ لے کر آئیں اور کبھی ناکامی سے نہ گھبرائیں۔

Related posts

وزیراعلیٰ پنجاب کا معاملہ، حمزہ شہباز نے فل کورٹ بینچ بنانے کی درخواست دائر کردی

admin

’میچ فکسنگ کی طرح بینچ فکسنگ بھی ایک جرم ہے‘، حکمران اتحاد کا فل کورٹ بنانے کا مطالبہ

admin

بارشوں سے متعلق محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

rashid afzaal