NPG Media

سلامتی کونسل بین الاقوامی انکوائری کے ذریعے جارحیت کے مرتکب ظالم کا مواخذہ کرے،وزیر خارجہ

فوٹو:فائل

اسلام آباد (این پی جی میڈیا) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کونسل بین الاقوامی انکوائری کے ذریعے جارحیت کے مرتکب ظالم کا مواخذہ کرے،سیاسی مفادات کی خاطر ظالم اور مظلوم کے درمیان برابری کا جھوٹا موازنہ پیدا کرنا صریحا غلط اور اخلاقی طورپر قابل مذمت ہے ۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مشرقی یروشلم سمیت مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر انسانی حقوق کونسل کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اقوام متحدہ کے اعلی ترین ادارے سے منسلک یہ کونسل انسانی حقوق اور انسانی عظمت و وقار کے تحفظ کی پاسدار ہے۔

انہوں نے کہاکہ 70 ممالک کی درخواست پر منعقدہ یہ نشست اس اہم اختیار کو بروئے کار لانے کی مشق ہے۔ انہوں نے کہاکہ دوہفتے کی اسرائیلی وحشیانہ جارحیت سے فلسطین کے عوام نے اپنے حقوق اور وقار پر ایک بار پھر بہیمانہ حملوں کا سامنا کیا۔ انہوں نے کہاکہ گذشتہ سات دہائیوں سے غیرقانونی قبضے کا شکارفلسطینیوں پر مسلسل پرتشدد جبر واستبداد چار پہلوئوں کا مرکب ہے۔

وزیر خارجہ  نے کہاکہ عام شہریوں کی مسلسل شہادتیں جو خواتین اوربچوں سمیت بلا تخصیص ہر کمزورکو متاثرومجروح کررہی ہیں۔اسرائیلی آبادکاری کی جاری سرگرمی کو طاقت اور تشدد سے قبضہ بڑھانے کا محرک و ذریعہ بنا لیا گیا ہے ،گھروں، ہسپتالوں اور سکولوں کا بلا تخصیص انہدام فلسطینیوں کی تکالیف کو ناقابل بیان حد تک بڑھا چکا ہے ، بار بار کی جبری نقل مکانی سے لوگ اپنی ہی سرزمین میں پناہ گزین بنا دئیے گئے ہیں۔

شاہ محمود قریشی   نے کہاکہ فلسطینیوں کے خلاف دوہفتے کی جارحیت سے اسرائیل کے اندر فلسطینیوں پر گروہی ونسلی تشدد کا سلسلہ شروع ہوگیا جس سے جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے دعوے سوالیہ نشان بن گئے ہیں ،ایسے تشدد پر چشم پوشی سے تکبر اور سزا سے استثنیٰ ہی جنم لیتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ سیاسی مفادات کی خاطر ظالم اور مظلوم کے درمیان برابری کا جھوٹا موازنہ پیدا کرنا صریحا غلط اور اخلاقی طورپر قابل مذمت ہے،اس کونسل کو غلط کو درست کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا انہوںنے کہاکہ کونسل فلسطینیوں کے زندہ رہنے اور استصواب رائے سمیت بنیادی حقوق کی عملی تنفیذ یقینی بنائے ،کونسل بین الاقوامی انکوائری کے ذریعے جارحیت کے مرتکب ظالم کا مواخذہ کرے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان فلسطین میں انسانی حقوق کی صورتحال کے تقاضوں کے مطابق کونسل کی سفارشات اور فیصلوں کی حمایت کرے گا۔ ہم دیگر پر بھی زور دیں گے کہ وہ بھی ایسا ہی کریں،میں آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

Related posts

وزیراعلیٰ پنجاب کا معاملہ، حمزہ شہباز نے فل کورٹ بینچ بنانے کی درخواست دائر کردی

admin

’میچ فکسنگ کی طرح بینچ فکسنگ بھی ایک جرم ہے‘، حکمران اتحاد کا فل کورٹ بنانے کا مطالبہ

admin

بارشوں سے متعلق محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

rashid afzaal