لاہور(این پی جی میڈیا)پاکستان مسلم لیگ(ن)کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)ہار تب تسلیم کرے گی جب اس کو ہرایا تو جائے، شیر کا شکار کرنا آسان نہیں رہا۔
اپنی ٹوئٹ میں مریم نواز نے کہا کہ شیر کو ہرانے کیلئے جو ہتھکنڈے آپ نے آزمائے، ان کی داستان بھی سامنے آنے والی ہے، انتظار فرمائیں اور یاد رکھیے مسلم لیگ ن اپنا اور این اے 249 کے عوام کا حق واپس لے کر رہے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ الیکشن میں شکست اگر عوام کے فیصلے کی وجہ سے ہوگی تو سرِ تسلیم خم ہوگا، مگر بیلٹ چوری اور دھاندلی سے ہونے والا ہر فیصلے کا آخر تک مقابلہ کیا جائے گا، اس بارے میں کوئی غلط فہمی میں نہ رہنا۔
مسلم لیگ ن ھار تب تسلیم کرے گی جب اس کو ہرایا تو جائے۔۔۔
شیر کا شکار کرنا آسان نہیں رہا۔ شیر کو ہرانے کے لیے جو ہتھکنڈے آپ نے آزمائے، ان کی داستان بھی سامنے آنے والی ہے۔ انتظار فرمائیے اور یاد رکھیے! مسلم لیگ ن اپنا اور NA 249 کے عوام کا حق واپس لے کے رہے گی انشاءاللّہ!— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) April 30, 2021
قبل ازیں مریم نواز نے این اے 249 کا نتیجہ چیلنج کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ کیا یہاں بھی دھند چھا گئی تھی جو عملہ اتنی تاخیر سے پہنچا؟ ہمیں بیوقوف سمجھ رکھا ہے کیا؟ یہ سیٹ جلد واپس مسلم لیگ ن کے پاس آئے گی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو متنازع الیکشن کے نتائج کو روکنا ہوگا، مسلم لیگ ن سے صرف چند سو ووٹوں سے الیکشن چوری ہوا تاہم نتائج نہ بھی روکے تو یہ فتح عارضی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ جلد ہی یہ سیٹ مسلم لیگ (ن) کو واپس ملے گی، عوام کے ووٹ چوری کرنے والے جلد آپ کے کٹہرے میں کھڑے ہوں گے۔