NPG Media

کورونا کی تیسری لہر زیادہ خطرناک ، 16 شہروں میں فوج تعینات کردی گئی ، ڈی جی آئی ایس پی آر

تصویر:ٹوئٹر

راولپنڈی:(این پی جی میڈیا)پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابرافتخار نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر پہلی دونوں لہروں سے زیادہ خطرناک ہے، وفاقی حکومت کے احکامات کے مطابق ملک بھر میں آرٹیکل 245کے تحت سول اداروں کی معاونت کے لیے فوج طلب کرکے16 شہروں میں تعینات کردی گئی ہے۔

آزمائش کی اس گھڑی میں عوام کی توقعات پرپورا اتریں گے، فوج نے اس بار بھی انٹرنل سیکیورٹی الاونس نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے ملک میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران پاک فوج کی تعیناتی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اس وقت کورونا کی تیسری لہر جاری ہے اوریہ لہر پہلی دونوں سے کہیں زیادہ خطرناک اور جان لیوا ثابت ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا بالخصوص ہمارا خطہ اس وبا سے شدید متاثر ہو رہا ہے، وبا کی شدت اور تیز رفتار پھیلائو کی وجہ سے اموات میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت آکسیجن کی کل پیداوار کا 75فیصد سے زائد صحت کے شعبے کے لیے مختص ہے، کورونا کی صورت حال برقرار رہی تو صنعت کے لیے مختص آکسیجن بھی صحت کے شعبے کے لیے وقف کرنا پڑ سکتی ہے۔ میجر جنرل بابرافتخارنے کہا کہ پاکستان میں اس وقت کووڈ-19سے متاثرہ 90ہزار فعال کیسز موجود ہیں، مثبت شرح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں 51 شہروں میں مثبت شرح 5 فیصد سے زیادہ ہے جبکہ اسلام آباد، پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، گجرانوالا، کراچی اورحیدر آباد، کوئٹہ اور مظفرآباد بالخصوص وہ شہر ہیں جہاں مثبت شرح انتہائی زیادہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان 16شہروں میں اس ہی مناسبت سے پاکستان آرمی کی تعیناتی کردی گئی ہے۔میجرجنرل بابر افتخار نے کہا کہ 23اپریل کو اب تک کورونا کی وجہ سے سب سے زیادہ اموات ہوئیں، جس میں 157افراد اس دن کورونا کی وجہ سے اپنی زندگی سے محروم ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک بھر میں 570افراد وینٹی لیٹرز پر ہیں اور 4ہزار 300کورونا سے متاثرہ افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔

Related posts

وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کا کیس: آئین واضح ہے ارکان کو ہدایت پارلیمانی پارٹی دے گی: جسٹس اعجاز

rashid afzaal

وزیراعلیٰ پنجاب کا معاملہ، حمزہ شہباز نے فل کورٹ بینچ بنانے کی درخواست دائر کردی

admin

’میچ فکسنگ کی طرح بینچ فکسنگ بھی ایک جرم ہے‘، حکمران اتحاد کا فل کورٹ بنانے کا مطالبہ

admin