NPG Media

جو قانون کو ہاتھ میں لے گا قانون اسے ہاتھ میں لے گا، شیخ رشید

فائل فوٹو

اسلام آباد:(این پی جی میڈیا ) وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہاہے کہ سپریم کورٹ میں کل تحریک لبیک پاکستان کے خلاف ریفرنس دائر کریں گے۔ ٹی ایل پی کے حوالے سے قومی اسمبلی میں کوئی قرارداد نہیں آئے گی۔ فرانس کے سفیر کو نکالتے تو یورپی یونین میں حالات بہت پیچیدہ ہو جاتے، اس لیے وہ نہیں ہو سکا۔

اسلام آباد میں وزیر برائے مذہبی امور پیرنورالحق قادری کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پوری کوشش کی کہ معاملات بات چیت سے حل ہوں جائیں لیکن ٹی ایل پی کے ارادے بہت خوفناک تھے۔ ٹی ایل پی والے بہت تیاری کے ساتھ آئے تھے۔تحریک لبیک پاکستان اسلام آباد آنے پر بضد تھی اور وہ کسی صورت میں 20تاریخ کو اپنے ایجنڈے سے پیچھے نہیں ہٹنا چاہتے تھے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ پولیس اور رینجرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پولیس اہلکاروں نے جانوں کا نذرانہ دے کر امن کو یقینی بنایا، احتجاج کے دوران 580 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، احتجاج کے دوران 30 سے زائد گاڑیاں بھی تباہ ہوئیں، میں تمام شہدا اور پولیس اہلکاروں کو سلام یش کرتا ہوں۔شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے گھر جائوں گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان پر پابندی لگانے کے حوالے سے نوٹیفکیشن پر وزرا نے دستخط کر دیے ہیں۔ ہم ٹی ایل پی کو تحلیل بھی کرنے جا رہے ہیں اور کل اس حوالے سے سپریم کورٹ میں ریفرنس داخل کرنے کے لیے کابینہ کو دوبارہ بھیجیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک کو ختم کرنے کے لیے آئین کے آرٹیکل 17(2) کو الیکشن ایکٹ کے آرٹیکل 212 کے ہمراہ پڑھ کر کل کابینہ میں دوسری سمری بھی جائے گی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس اور رینجرز نے جس ہمت اور جرات سے دہشت گردی کا مقابلہ کیا ہے، اس کو وزیر اعظم اور پوری قوم نے بہت سراہا ہے اور پوری قوم نے اس پر سکھ کا سانس لیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ ہم پاکستان کے لیے مسئلے پیدا کرنے کے لیے کسی قیمت پر تیار نہیں تھے،فرانس کے سفیر کو نکالتے تویورپی یونین وغیرہ میں حالات بہت پیچیدہ ہو جاتے، اس لیے وہ نہیں ہو سکا۔ ہمیں یورپی یونین کے ساتھ تمام معاملات کو دیکھنا پڑتا ہے۔ فرانس کے تمام شہری پاکستان میں محفوظ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی اور فیصلے عدالتوں میں ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ تحریک لبیک والے تو 2016 یا 2017 میں سامنے آئے ہیں لیکن پاکستان میں ختم نبوتۖ کے لیے مجھ سے زیادہ کسی نے قربانی دی ہے تو اس کا نام سامنے لائیں، قوم کو اس طریقے سے افرا تفری کا شکار کر کے مشتعل کرنے کا ایجنڈا کبھی بھی کامیاب نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ لاہورمیں یتیم خانہ چوک کے علاوہ پورا پاکستان کھلا ہے۔ جو قانون کو ہاتھ میں لے گا ،قانون اسے ہاتھ میں لے گا۔

Related posts

وزیراعلیٰ پنجاب کا معاملہ، حمزہ شہباز نے فل کورٹ بینچ بنانے کی درخواست دائر کردی

admin

وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کا کیس: آئین واضح ہے ارکان کو ہدایت پارلیمانی پارٹی دے گی: جسٹس اعجاز

rashid afzaal

’میچ فکسنگ کی طرح بینچ فکسنگ بھی ایک جرم ہے‘، حکمران اتحاد کا فل کورٹ بنانے کا مطالبہ

admin