کراچی: پاکستانی مشہور اداکار ہمایوں سعید کو قومی اعزاز ملنے پر ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر نے بھی اپنی رائے پیش کردی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یوم پاکستان کے موقع پر ہر سال کی طرح اس سال بھی مختلف شعبوں میں سول اعزازات دیے گئے جس میں شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار ہمایوں سعید بھی شامل تھے۔
واضح رہے کہ متعدد نامور شوبز شخصیات کو بھی نمایاں خدمات پر اعزازات سے نوازا گیا جن میں گلوکار علی ظفر، گلو کار محمد علی شہکی، اداکارہ ریشم، اداکارہ سکینہ سموں، گلوکارہ ثریا خان ، گلوکار کرشن جی شامل ہیں۔
فنکاروں کو بہترین خدمات انجام دینے پر تمغہ برائے حسن کارکردگی کے اعزاز سے نوازا گیا جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی انہیں مبارکباد دی گئی ان صارفین خلیل الرحمان بھی شامل ہیں۔
خلیل الرحمان قمر نے ہمایوں سعید کو اس اعزاز کا اہل قرار دیتے ہوئے انسٹاگرام پر اسٹوری شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ طویل عرصے بعد میں نے دیکھا کہ تمغہ برائے حسن کارکردگی کا اعزاز کسی اہل شخصیت کو نوازا گیا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ہمایوں سعید کے لیے ترقی اور کامیابی کے لیے نیک خواہشات رکھتا ہوں۔
یاد رہے کہ اداکار ہمایوں سعید نے ملکی شہرت میں نئے ریکارڈ قائم کرنے والے ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘‘ میں مرکزی کردار کیا۔ ڈرامے کی کہانی اور مکالمے خلیل الرحمان قمر نے لکھے تھے جنہیں آج بھی کوئی نہیں بھول سکا۔