NPG Media

ہم نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی عظیم  تعلیمات کو بھلا دیا ہے، بلاول بھٹو زرداری

کراچی (این پی جی میڈیا) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان صرف اسی صورت میں مساوات پر کھڑا ایک ملک اور دیگر اسلامی ممالک کے لیئے رول ماڈل بن سکتا ہے، جب وہ اس حقیقی نظریے پر عمل پیرا ہوگا، جس کی بنیاد پر یہ ملک معرضِ وجود میں آیا تھا۔

اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ جس طرح ہم معاشی، سیاسی اور معاشرتی دلدلوں میں دھنستے جا رہے ہیں اس سے واضح ہوتا ہے کہ ہم نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح اور ان کے رفقا کی عظیم  تعلیمات کو بھلا دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انصاف، فیئر پلے اور برابری کی بنیاد پر کھڑا ایک جمہوری معاشرہ ہی وہ بنیادی اصول تھے، جن کی بنیاد پر یہ عظیم ملک قائم کیا گیا تھا۔ بلاول بھٹو زرداری نے نشاندھی کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں چلنے والے تحریکِ آزادی کو بھی اس دور کے کٹھ پتلیاں نچانے والوں کی جانب سے سیاسی انجنیئرنگ کے ذریعے نشانہ بنایا جاتا تھا لیکن ان تمام ہتھکنڈوں کے باوجود پاکستان بن گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے آزادی کے 25 سالوں کے بعد قوم کو متفقہ آئین کا تحفہ دیا تاکہ قرارداد پاکستان اور تحریکِ آزادی کے اغراض و مقاصد حاصل کیئے جاسکیں۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ آگے بڑھنے کا واحد راستہ یہ ہی ہے کہ آئین کی بالادستی و حقیقی جمہوریت ہو، اور ہر ادارہ اپنے آئینی دائرہ کار و مینڈیٹ کے تحت کام کرے۔

بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی، اپنے قیام کے پہلے دن سے مسلسل پیچھے دھکیلے جانے، اپنے قائدین و کارکنان کے قتل کیئے جانے اور جھوٹے مقدمات میں طویل قید و بند کے باوجود، نظریہ پاکستان کی حقیقی علمبردار ہے، اور قائداعظم کے ویژن کی بطور وارث، اس ملک کے بانی اجداد کے خوابوں و ویژن کو شرمندہ تعبیر دینے کے لیئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

Related posts

وزیراعلیٰ پنجاب کا معاملہ، حمزہ شہباز نے فل کورٹ بینچ بنانے کی درخواست دائر کردی

admin

’میچ فکسنگ کی طرح بینچ فکسنگ بھی ایک جرم ہے‘، حکمران اتحاد کا فل کورٹ بنانے کا مطالبہ

admin

بارشوں سے متعلق محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

rashid afzaal