لاہور (راحیل یاسین) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) آسٹریلیا کے خلاف وائٹ بال سیریز کیلئے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو کپتان بنانے پر غور کر رہی ہے۔
ذرائع نے عندیہ دیا کہ پی سی بی حکام عالمی چیمپئن آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وکٹ کیپر بلے باز کو قومی ٹیم کی قیادت سونپے گی، لیکن حتمی فیصلہ چیئرمین اور سلیکٹرز کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
4 سے 18 نومبر 2024 تک شیڈول سیریز میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز ہوں گے۔ سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان آئندہ ہفتے متوقع ہے، فاسٹ بولر محمد حسنین کی ٹیم میں واپسی ممکن ہے۔ حسنین، جنہوں نے آخری بار 2023 میں ون ڈے کھیلا تھا، نے چیمپئنز کپ اور پریذیڈنٹ کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس کے علاوہ سلیکشن کمیٹی آل راؤنڈر عامر جمال اور نوجوان وکٹ کیپر بلے باز حسیب اللہ کو بھی ٹیم میں شامل کرنے پر غور کر رہی ہے۔
دوسری جانب، بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے ایک بار پھر ٹیم کی کوچنگ کے لیے مشتاق احمد کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔ اُن کو بنگلا دیش ٹیم کا اسپن بولنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے اور وہ جنوبی افریقہ کے خلاف آئندہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوران یہ ذمہ داری نبھائیں گے۔
بنگلا دیش کرکٹ کے آپریشنز منیجر شہریار نفیس نے بتایا کہ مشتاق جب بھی دستیاب ہوں گے سیریز بہ سیریز کی بنیاد پر ٹیم کے ساتھ کام کریں گے۔ جنوبی افریقہ اور بنگلا دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 21 اکتوبر سے شروع ہوگا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ مشتاق احمد نے اس سے قبل اگست میں بنگلا دیش کے دورہ پاکستان کے دوران کوچنگ کی ذمہ داریاں پوری کی تھیں۔