لاہور (راحیل یاسین) انگلش بلے باز جو روٹ نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا، انہوں نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سنچری بنا کر اپنے ہم وطن سابق کھلاڑی ایلسٹر کک کے 33 ٹیسٹ سنچریوں کا ریکارڈ برابر کر دیا۔
انہوں نے لارڈز میں سری لنکا کے خلاف 33 ویں ٹیسٹ سنچری بنانے کے بعد آنجہانی گراہم تھورپ کو جذباتی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی کا سہرا سابق کوچ کو جاتا ہے۔ وہ ایسا شخص ہے جس کی مجھے بہت کمی محسوس ہوگی، اور جس کا میں بہت زیادہ مقروض ہوں۔ اس نے میرے کھیل کو بہتر کیا اور اس کی مدد کے بغیر میں یقینی طور پر آج اس مقام پر نہ ہوتا۔
روٹ نے مزید کہا: مرحوم گراہم تھورپ اور میں اچھے دوست بن گئے تھے اور مجھے اُن کے ساتھ بہت زیادہ وقت گزارنے میں واقعی خوشی ہوئی۔ اس موقع پر اُن کو خراج عقیدت پیش کرنا اچھا لگ رہا ہے۔ واضح رہے کہ انگلینڈ کے سابق بلے باز اور اسسٹنٹ کوچ تھورپ اس ماہ کے شروع میں 55 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔
2012 میں بھارت کے خلاف ڈیبیو کرنے والے روٹ نے بتایا کہ مہمان ٹیم کی اچھی گیند بازی کے باعث مجھے بڑا سکور بنانے کیلئے کافی صبر کرنا پڑا۔ میں واقعی ہر چیز سے لطف اندوز ہو رہا ہوں، میرے پاس چیزوں کا اچھا توازن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مجھے لگتا ہے کہ ہمارا دن بہت اچھا گزرا ہے۔ امید ہے کہ ہم اسے ابھی جاری رکھ سکتے ہیں اور 400 سے زیادہ ایک بہت اچھا ٹوٹل ہوگا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ جولائی میں جو روٹ نے ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لگاتار تیسرے سائیکل میں ایک ہزار سے زائد رنز بنانے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ 2023 2025 سائیکل کے سلسلے میں کھیلے جا رہے ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگ میں انہوں نے یہ کارنامہ انجام دے کر نئی تاریخ رقم کی تھی۔ اس سے قبل وہ 21-2019 اور 23-2021 کے دورانیے میں پہلی اور دوسری ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل میں بھی ایک، ایک ہزار رنز سے زائد اسکور کر چکے ہیں۔ یوں وہ مسلسل تیسرے ٹیسٹ سائیکل میں ایک ہزار رنز بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔