لاہور (راحیل یاسین) بھارت نے اپنی دوسری اننگز 287-4 پر ڈکلیئر کرکے بنگلا دیش کو چنئی میں افتتاحی ٹیسٹ جیتنے کیلئے 515 کا بڑا ہدف دیا ہے۔
پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بھارت کی جانب سے شبمن گل اور رشبھ پنت نے سنچریاں بنائی۔ گل 119 رنز پر ناقابل شکست رہے، اُن کی پانچویں ٹیسٹ سنچری میں 10 چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔ جبکہ رشبھ پنت 109 رنز بنا کر آوٹ ہوئے پنت نے اپنی چھٹی ٹیسٹ سنچری میں 13 چوکے اور چار چھکے لگائے۔
بنگلا دیش نے گل اور پنٹ کی شراکت کو توڑنے کا ایک موقع اس وقت ضائع کیا جب کپتان نجم الحسین شانتو نے 72 کے سکور پر وکٹ کیپر بلے باز پنت کا کیچ ڈراپ کیا۔ بنگلا دیش کی جانب سے اسپنر مہدی حسن میراز نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
خیال رہے کہ پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن بنگلادیش کی بھارت کے خلاف دوسری اننگز میں بیٹنگ جاری ہے۔ 515 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے جبکہ اُن کو جیت کیلئے مزید 357 رنز درکار ہیں۔ خراب روشنی کی وجہ سے تیسرے دن کا کھیل قبل از وقت ختم کردیا گیا ہے۔ مہمان ٹیم کو ٹیسٹ بچانے کیلئے غیر معمولی بیٹنگ کرنا ہوگی۔
پہلی اننگز میں اشون کی سنچری اور رویندرا جدیجا کی ففٹی کی بدولت بھارت نے بنگلادیش کے خلاف 376 رنز بنائے تھے۔ بعد میں میزبان کے بہترین باولنگ اٹیک نے بنگلادیش کو محض 149 رنز پر ہی آوٹ کر دیا تھا۔ جس کے نتیجے میں میزبان ٹیم کو 227 رنز کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی تھی۔ اس برتری کی وجہ سے بھارت نے دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 287 رنز بنانے کے بعد اپنی اننگز ڈیکلیئر کر دی تھی اور اس طرح مہمان ٹیم کو میچ جیتنے کیلئے 515 رنز کا بڑا ہدف دیا۔